بھٹکل 7/ڈسمبر (ایس او نیوز) بھٹکل شہر کو صاف ستھرا رکھنے کےلئے میونسپالٹی کے تمام 23وارڈوں میں چار مشینوں کی مدد سے مرحلہ وار صفائی کا کام جاری ہے ، اب صفائی کے دوسرے مرحلے کا کام شروع کرنے آج پیر کو جی سی بی جیسی ایک کیس 770 مشین بھی میونسپالٹی پہنچ چکی ہے، جس کے ساتھ ہی وعدے کے مطابق 31 ڈسمبر سے پہلے بھٹکل صاف و شفاف نظر آئے گا۔ یہ بات بھٹکل میونسپالٹی کے نئے چیف پرویز قاسمجی نے بتائی۔
اخبارنویسوں سے گفتگو کرتےہوئے پرویز قاسمجی نے بتایا کہ میں نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ اس سال کے اختتام سےپہلے بھٹکل میں صفائی ستھرائی نظر آنی شروع ہوجائے گی اور وعدے کے مطابق شہر میں صفائی ستھرائی کا کام جاری ہے، وارڈ نمبر ایک سے وارڈ 7 تک مشینوں کےذریعے صفائی کا کام ہوچکا ہے اگلے چند دنوں میں تمام 23 وارڈوں میں صفائی کا کام مکمل ہوجائے گا۔
پرویز صاحب نے بتایا کہ آج پیر کو جے سی بی جیسی کیس 770 مشین میونسپالٹی پہنچ گئی ہے اور میری تحویل میں آچکیہے،قریب 30 لاکھ مالیت کی یہ مشین موصول ہوتے ہی صفائی کا دوسرا مرحلہ شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگلے دو دنوں کے اندر میونسپل حدود کے عوامی جگہوں اور سڑک کے دونوں کناروں پر عمارتوں کے ملبے سمیت تعمیراتی کاموں کے لئے پتھر سمینٹ، کڑی وغیرہ رکھی گئی ہے تو اُسے فوری طور پر ہٹانے کی نوٹس گذشتہ دنوں جاری کی گئی تھی، اب اگر عوام نے عوامی جگہوں پر سے اُسے ہٹادیا ہے تو ٹھیک ہے ورنہ اس مشین کے ذریعے تمام چیزوں کو میونسپالٹی کی تحویل میں لیا جائے گا اورعوامی جگہوں پر چیزوں کو رکھنے یا ملبے وغیرہ کو صاف نہ کئے جانے کی صورت میں اُن پر جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔پرویز قاسمجی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ میونسپالٹی کی جانب سے کاروائی شروع ہونے سے پہلے ہی عوامی جگہوں کو خالی کریں ۔ مشین میونسپالٹی کی تحویل میں لینے کے موقع پر میونسپل چیف آفسر دیوراج اور میونسپل نائب صدر قیصر محتشم بھی موجود تھے۔